پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع پشاور میں مبینہ پولیس مقابلہ میں زیر حراست ڈاکو ہلاک ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق مبینہ پولیس مقابلہ ورسک روڈ مچنی گیٹ کے قریب ہوا، پولیس ہلاک زیر حراست ملزم کو دیگر ملزمان کی نشاندہی کےلئے لے جارہی تھی کہ ملزم کے ساتھی اسے چھڑانے آئے تو دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے دوران ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا۔
دوسری جانب پولیس نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ہلاک ہونے والا ملزم راہزنی ،اقدام قتل،پولیس پر حملوں سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب تھا۔
پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش مقامی ہسپتال منتقل کردی جہاں قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی جائے گی۔