لاہور:(دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہم نے نئی تحریک دیکھی اسے ہمت سے چلانا ہو گا۔
لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ سیاست صرف شور شرابے کا نام نہیں ہونا چاہیے،پرمغز گفتگو ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آج جو وائٹ پیپر جاری کیا گیا یہ قابل قدر اور قابل ستائش کاوش ہے، ہمیں سوچنا ہوگا کیا پاکستان ایک اسلامی فلاحی ریاست کی بجائے فسطائیت کی ریاست ہو۔
سیکرٹری جنرل تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم فسطائیت کا جواب تحمل سےدیں گے ہمت سے دیں گے اور سڑکوں پر دیں گے، ابھی بڑے امتحان ہیں ہم نے ان سب امتحانوں میں پورا اترنا ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا پنجاب میں ہم نے نئی تحریک دیکھی ہے، ہم نے اس تحریک کو حوصلے ہمت اور فہم و فراست کے ساتھ چلانا ہے۔