تحریک انصاف اپنے اہداف سے ہٹ گئی ہے: شیر افضل مروت

Published On 28 March,2025 10:31 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ایم این اے شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اپنےاہداف سےہٹ گئی ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ایک سال سےتحریک انصاف بمقابلہ تحریک انصاف جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنےاہداف سےہٹ گئی ہے،میرا ڈسپلن کا مسئلہ ہوگا کیا باقیوں کا بھی یہی مسئلہ تھا،باقی وکلا کوکیوں فارغ کیا گیا، ہم سب کی شناخت ہی وکالت ہے،عمران خان کو وکلا کے بارے میں غلط گائیڈ کیا جاتا ہے۔

ایم این اے کا کہنا تھا کہ مجھے پارٹی سے نکال دیا بہت شکریہ، میرے خلاف آج تک گالم گلوچ جاری ہے، اب میں بھی گالم گلوچ، سازشیوں سےدو،دو ہاتھ کروں گا۔

شیرافضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کوسیاسی اتحاد بنانےسےپہلےپارٹی کےاندراتحاد پیدا کرنا ہوگا، پی ٹی آئی کو اتحاد کی ضرورت ہے، یک طرفہ طور پر پارٹی سے لوگوں کو نکال دیا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا ڈسپلن کا مسئلہ تھا توفیصل چودھری اوربابراعوان نےکیا کیا؟ پی ٹی آئی وکلا ٹیم میں لڑائیاں اور بڑھیں گی، وکلا کو کروڑوں کی فیسیں دیں مگربانی کو رہا نہیں کراسکے۔

ایک اور سوال کے جواب میں ایم این اے کا کہنا تھا کہ 26ویں ترمیم کےدوران لوگ بکے، پی ٹی آئی کے10سے50لوگ جا سکتے ہیں، کسی کےماتھے پر تو نہیں لکھا کون پارٹی سے جائے گا، حکومت پی ٹی آئی کے بندے توڑنےکی کوشش کر رہی ہے۔