خواجہ آصف نے بجلی سستی، شرح سود اور مہنگائی کم ہونے کو معجزہ قرار دے دیا

Published On 06 April,2025 05:39 pm

سیالکوٹ :(دنیا نیوز) وزیردفاع خواجہ آصف نے بجلی سستی، شرح سود اورمہنگائی کم ہونے کو معجزہ قرار دے دیا۔

سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کہا جارہا تھا کہ ڈالر 500 پر پہنچ جائے گا، پاکستان دیوالیہ ہوجائے گا اور سری لنکا بن جائے گا، کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ اس ملک میں بجلی سستی ہوجائے گی، انٹرسٹ ریٹ 10 فیصد کم ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ افراط زر 38 فیصد سے کم ہوکر ڈیڑھ فیصد رہ جائے گی، یہ سب معجزے ہیں، امریکا کی سٹاک مارکیٹ کریش ہوئی ہے اور پاکستان کی سٹاک مارکیٹ ریکارڈ سطح پر چلی گئی ہے، یہ نیک نیتوں کا پھل ہے۔

پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے وزیردفاع کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے وزیر کے خلاف 78 کروڑ کی کرپشن کے خلاف تحریک پیش کی گئی ہے، پی ٹی آئی والوں نے ایک دوسرے کو چور کہنا شروع کردیا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے پی ٹی آئی سے اقتدار حاصل کیا تھا جس کے بعد پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے مل کر پاکستان کے لیے امید کی کرن پیدا کی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جیب کترا تھا، جنرل فیض اور جنرل باجوہ سکیورٹی کی میٹنگ میں ہمیں بریفنگ دینے آتے تھے تو یہ ہمارے ساتھ نہیں بیٹھتا تھا، ابھی نندن والے واقعے کے بعد تین سکیورٹی میٹنگز ہوئیں، جنرل باجوہ کہتا رہا کہ آ کر میٹنگ کی صدارت کرو مگر یہ نہیں آیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اب عمران خان کہتا ہے کہ جب تک مجھے سکیورٹی میٹنگ میں نہیں لے کر جاؤگے تو میری پارٹی نہیں جائے گی۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اوربلوچستان دہشت گردی کی زد میں ہیں، پاک فوج کے جوان قربانیاں دے کر ملک کی حفاظت کر رہے ہیں، تحریک انصاف ٹکڑوں میں تقسیم ہوچکی ہے، مسلم لیگ(ن)کےکارکن نوازشریف کا ہراول دستہ ہیں۔