اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان کی معزز جج جسٹس عائشہ ملک کو قانون کے شعبے میں نمایاں خدمات پر یونیورسٹی آف لندن کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا گیا ہے۔
برطانیہ کی معروف تعلیمی درسگاہ یونیورسٹی آف لندن نے جسٹس عائشہ ملک کو 28 اپریل 2025 کو منعقدہ تقریب میں اعزازی ڈگری عطا کی۔
اس موقع پر یونیورسٹی نے جسٹس عائشہ کو قانون و انصاف کے شعبے میں ان کی بے مثال خدمات اور خواتین کی نمائندگی کو فروغ دینے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
یاد رہے کہ جسٹس عائشہ ملک نے 2022 میں سپریم کورٹ آف پاکستان میں بطور پہلی خاتون جج شمولیت اختیار کی جو ملکی عدالتی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے، ان کی پیشہ ورانہ قابلیت، اصول پسندی اور عدالتی بصیرت کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا جاتا ہے۔
یونیورسٹی آف لندن کی جانب سے یہ اعزاز پاکستان کی عدلیہ میں خواتین کی شمولیت اور کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے کا ایک مثبت اشارہ ہے۔