بھارتی دہشتگرد حکومت کی بلاول بھٹو کے ایکس اکاؤنٹ پرپابندی

Published On 04 May,2025 05:56 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) بھارتی دہشتگردحکومت نے بلاول بھٹو کے ایکس اکاؤنٹ پرپابندی عائد کردی۔

سینئروزیرشرجیل انعام میمن نے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردبھارتی حکومت نےبلاول بھٹوزرداری کا ایکس اکاؤنٹ بلاک کرکے بزدلی کی نئی مثال قائم کی،ان  کے اکاؤنٹ پرپابندی محض ڈیجیٹل سنسرشپ نہیں، مودی سرکار اور بی جے پی کے اندر چھپی سچائی سےخوف کی کھلی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کشمیری عوام کی آواز،جمہوری اقدارکےنمائندہ اورخطےمیں امن کےعلمبردارہیں، بھارتی مودی سرکارہراُس آواز کو دبانےپر تلی ہوئی ہےجو اس کی انتہاپسند ہندوتوا سوچ کو چیلنج کرتی ہے۔

سینئروزیر کا کہنا تھا کہ یہ اقدام بی جے پی کی گھبراہٹ،عدم برداشت اور سفارتی محاذ پر مکمل ناکامی کوعیاں کرتا ہے، اوچھے ہتھکنڈوں سےنہ مظالم چھپائے جا سکتے ہیں نہ کشمیریوں کےحق میں اٹھنےوالی آواز دبائی جاسکتی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول کی آواز کروڑوں دلوں میں گونجتی ہے اور کوئی بھی ڈیجیٹل دیواراُس آوازکو روک نہیں سکتی۔