چنیوٹ:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا کہ انڈیا اپنےتکبر اور دفاعی بجٹ کی وجہ سے اپنے آپ کو بڑا سمجھتا ہے۔
اپنے آبائی علاقے چینوٹ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے،ہم بہت محنت کر رہے ہیں،انڈیا کو ہماری ترقی ہضم نہیں ہو رہی، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دراندازی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، انڈیا نے جو آئی ایم ایف کو خط لکھا ہے،انڈیا کا اس معاملے سے کیا تعلق ہے۔
انہوں نے کہا انڈیا کا سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا کوئی جواز نہیں، اس کا گارنٹر عالمی بینک ہے، جب تک پوری قوم متحد ہو کر مقابلہ نہیں کرے گیانڈیا اپنا خیال دنیا کو دیتا رہے گا، ہمیں اپنے آپ کو معاشی اور دفاعی طور پر مضبوط کرنا ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ 2017 میں ہمارا دفاعی بجٹ 10 ارب ڈالر تھا، انڈیا کا 40 ارب ڈالر تھا،ہم معاشی طور پر کمزور ہوئے تو انڈیا نے اپنا دفاعی بجٹ 83 ارب ڈالر کر دیا، ہم نے کم کر کے 8 ارب ڈالر کر دیا، انڈیا کا دفاعی بجٹ ہم سے 10 گنا بڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے وہ ہم پر الزام تراشی کرتا ہے۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ انڈیا کو سمجھنا چاہیے کہ اس خطے میں دو نیوکلئیر پاور ہیں اور ہمسایہ ملک ہے، انڈیا کے جنگی جنون سے پوری انسانیت کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں، امریکہ، روس اور دیگر ممالک نے بھی انڈیا کو کہا ہے کہ تحمل کا مظاہرہ کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کی معترف ہے، پوری پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔