لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جنگ بھارت نے شروع کی اور اب ختم ہم کریں گے۔
عظمیٰ بخاری نے بھارت کے بزدلانہ حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میلی آنکھ کو پھوڑ دینا پاکستانی فوج پر فرض ہے، یہ سفید جھنڈے لہرائیں یا جو بھی کریں جنگ بھارت نے شروع کی اور ختم ہم کریں گے، افواج پاکستان نے ہمیشہ ملک کے چپے چپے کی حفاظت کی، پاکستان کو اپنے ایک ایک بے گناہ شہید کا بدلا لینا آتا ہے، ہم نے دشمن کی جارحیت کا جواب سود سمیت ادا کیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ مودی گجرات کا قصائی تو پہلے ہی تھا، بی جے پی کے دورحکومت میں ہی کیوں فالز فلیگ آپریشن ہوتے ہیں، یہ ہر جگہ سے لعنتیں وصول کر رہے ہیں، ہم ہمسائے کو بدل تو نہیں سکتے لیکن اس کو انسان کا بچہ ضرور بنائیں گے، یہ پوری دنیا کے خلاف اعلان جنگ کرنا چاہتے ہیں، یہ پاگل پن ان کو کہاں تک لے جائے اس کا ان کو خود اندازہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا ہے بھارت کے پاس اتنی عقل ہوتی تو مودی ان کا وزیراعظم نہ ہوتا، یہ سوشل میڈیا پر امریکا کے خلاف بھی بول رہے ہیں، کل ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا بھارت کا یہ شرمناک اقدام ہے، امریکا نے کہا پاکستان کے پاس اپنے دفاع کا حق ہے، پاکستان نے ہر فورم پر بھارت کو دھول چٹائی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے پیچھے ہٹنے پر معافی دینی ہے یا نہیں اس کا ہم فیصلہ کریں گے، قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ کے بعد جو اعلامیہ آئے گا اس میں ہر چیز واضح ہو جائے گی، ہم ان کا شوق اب اچھے سے پورا کریں گے۔