پہلگام واقعہ پر تحقیقات کے بجائے پاکستان پر حملہ بھارت کی بزدلی ہے: مریم اورنگزیب

Published On 07 May,2025 12:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پہلگام واقعہ پر تحقیقات کی بجائے پاکستانی شہریوں اور مساجد پر حملہ بھارت کی بزدلی ہے۔

بھارت کے بزدلانہ حملے پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا، بھارت کے بزدلانہ حملوں کی ہماری افواج نے بے مثال طاقت اور بہادری کے ساتھ کارروائی کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حملے حقائق سے انکار اور دنیا کے امن کو تباہ کرنا ہے، پاکستان اپنی خود مختاری اور سالمیت کا دفاع کرنا جانتا ہے، دشمن کے پانچ طیارے گرا کر ہماری افواج نے نہ صرف اپنی غیر معمولی بہادری اور مہارت کا مظاہرہ کیا بلکہ بھارت کو یہ دو ٹوک پیغام دیا کہ پاکستان کی سرحدی سالمیت ایک سرخ لکیر ہے جسے عبور کرنے کی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہئے کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے لیکن کمزور نہیں، ہر وار کا جواب دوگنا دے گا۔

سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ہماری افواج فولاد سے بنی دیوار ہیں جو دشمن کے ہر وار کو خاک میں ملا دیں گی، ان کی شجاعت، قربانی اور مادرِ وطن کی خودمختاری کیلئے غیرمتزلزل عزم ہر دل کو فخر سے بھر دیتا ہے، پوری قوم اپنی ان بہادر افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔