بھارتی حملے سے نیلم جہلم منصوبے کو نقصان پہنچتا تو بڑی تباہی ہوتی: چیئرمین واپڈا

Published On 08 May,2025 03:25 pm

وادی نیلم : (دنیا نیوز) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے کہا ہے کہ بھارتی حملے سے نیلم جہلم منصوبے کو نقصان پہنچتا تو پانی کے ذخیرے سے بڑی تباہی ہو سکتی تھی، معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے گا۔

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں ڈیم پراجیکٹ کا معائنہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے قریب آبادی کو بھی ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی گئی، پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلی اور دوسری عالمی جنگ میں بھی آبی ذخائر کو نشانہ نہیں بنایا گیا،ڈیم پر ہائیڈرولک یونٹ کو نقصان پہنچا ہے، اگر اس حملے میں ڈیم سائیٹ کے آٹو میٹک سسٹم کو نقصان پہنچتا تو مظفرآباد سمیت ڈاؤن سٹریم کے تمام علاقے زیر آب آسکتےتھے۔

انہوں نے بتایا کہ سیاسی اور عسکری قیادت نے فیصلہ کیا ہے اس معاملے کو تمام عالمی فورمز پر اٹھایا جائے گا، یہ ایکٹ آف وار ہے جو پاکستان، اس کی حکومت اور عوام کیلئے ناقابل قبول ہے۔

چیئرمین واپڈا کا کہنا ہے کہ نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، ٹیکنیکل ماہرین کام کر رہے ہیں،  نیلم جہلم میں پانی کا بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے، یہ ہائیڈرو پراجیکٹ ایل او سی کے انتہائی قریب ہے اور ہماری افواج بھی یہاں تعینات ہیں۔