لندن: (دنیا نیوز) برطانوی اخبار ٹیلی گراف نے دعوٰی کیا ہے کہ بھارت نے کراچی پورٹ پر حملے کی تیاری کرتے ہوئے اپنا مغربی بحری بیڑا شمالی بحیرہ عرب میں کراچی کے قریب تعینات کردیا۔
برطانوی اخبار کے مطابق بھارتی بحریہ کے بیڑے میں ایئر کرافٹ کریئر، ڈسٹرائرز، فریگیٹس اور اینٹی سب میرین جہاز شامل ہیں، بیڑے کے کچھ جہازوں پر براہموس سپرسونک کروز میزائل نصب ہیں جو 500 میل تک ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق بھارتی بحری بیڑا پاکستانی ساحل سے 300 سے 400 میل کے فاصلے پر موجود ہے، بھارت کا یہ اقدام دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کو نئی بلندیوں تک لے گیا ہے، بھارت کے اس اقدام سے عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔