اسلام آباد: (دنیا نیوز) کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو فرنٹ لائن پر لانے کا یہ آئیڈیل وقت ہے، گرفتار حریت رہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے۔
کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہی خطے کا اصل مسئلہ ہے ورنہ بھارت کا فالز فلیگ آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔
حریت رہنما کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ مودی کا ٹریک ریکارڈ اچھا نہیں ہے، ووٹ کیلئے مودی معاملات کو ایٹمی جنگ کی طرف لیجانے سے گریز نہیں کرتا لیکن مودی کو بدترین شکست ہوئی اب وہ کسی کا سامنا نہیں کر پا رہا۔
انہوں نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ثالثی کی پیشکش کا مطلب ہے مسئلہ کشمیر بھارت کا اندورنی نہیں کثیرالجہتی مسئلہ ہے، مذاکرات کیلئے امریکا اور چین کا بہت اہم رول ہو سکتا ہے۔
مشعال ملک کا مزید کہنا تھا کہ شملہ معاہدے پر نظر ثانی کر کے اس کو مسترد کیا جائے اور مطالبہ کرتی ہوں گرفتار حریت رہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان اوربھارت کے ساتھ مل کرکام کروں گا اور دیکھوں گا کیا ہزاروں سال بعد مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکل سکتا ہے۔