کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا، پاک فوج نے دشمن کودن میں تارے دکھا دیئے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے یوم تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے میں عدم توازن اور اپنی بالادستی چاہتا تھا، پاک فوج نے خطے میں توازن کو برتری کی بنیاد پر ثابت کردیا، بھارت نے فوج پر 80 ارب ڈالر خرچ کئے،بھارت پاک فوج جیسے جوان کہاں سے لائے گا؟
کامران ٹیسوری نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کو پیغام ہے تمہارے آقا خود کو نہیں بچا سکے، کالعدم بی ایل اے اور دیگر دہشتگرد تنظیمیں دیکھ لیں پاک افواج نے کیا کیا ہے؟ جو خود کو نہ بچا سکے وہ بی ایل اے اور دیگر کو کیا بچائیں گے؟
تقریب میں 1 ہزار پاؤنڈ وزنی کیک بھی کاٹا گیا، گورنر ہاؤس ملی نغموں سے گونج اٹھا، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے بینڈز نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔