اسلام آباد: (دنیا نیوز) ججز تبادلہ اور سنیارٹی کیس میں درخواستگزار پانچ ججز کا تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع ہو گیا۔
ججز نے تحریری جواب میں کہا کہ ہم نے عدالتی عہدے عوامی خدمت کے جذبے سے قبول کیے، مالی فوائد کی قربانی دی، انصاف کی فراہمی خدا کی امانت ہے، اس کا حساب دنیا اور آخرت میں دینا ہے۔
تحریری جواب میں کہا گیا کہ عدلیہ کی آزادی پر سمجھوتہ کرنے والا جج اعتماد کا اہل نہیں ہو سکتا، ہم ذاتی فائدے نہیں، آئین کی بالادستی کے لیے عدالت آئے ہیں۔
اپنے تحریری جواب میں ججز نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی آزادی اور تقدس پر حملہ ناقابلِ قبول ہے، ہائیکورٹ صرف چیف جسٹس کا ادارہ نہیں، تمام ججز اس کا حصہ ہیں۔
ججز نے تحریری جواب میں کہا کہ ججز کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے دور میں ہونےوالے اقدامات کی ذمہ داری لیں، ہم نے عدالتی خودمختاری کے تحفظ کے لیے آخری راستہ اپنایا ہے۔