بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید، ایک زخمی

Published On 21 May,2025 11:43 am

بنوں: (دنیا نیوز) نیو سبزی منڈی پولیس چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں 2 اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس چوکی کے مرکزی گیٹ کو بارودی مواد سے اڑایا، گیٹ اڑانے کے بعد دہشت گرد اندر گھس گئے اور شدید فائرنگ کی جس سے قریبی دکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پولیس چوکی میں نصب بجلی ٹرانسفارمر کھمبے سے نیچے گر گیا جس سے نیوسبزی منڈی کی بجلی سپلائی منقطع ہوگئی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں سبزی منڈی پولیس چوکی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمی پولیس اہلکار کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کے پی کے پولیس ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔