مشیرخزانہ پختونخوا کا صوبے کے بقایاجات کی ادائیگی کیلئے وفاق کو خط

Published On 21 May,2025 12:17 pm

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے صوبے کے بقایاجات کی ادائیگی کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا۔

مزمل اسلم کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ فروری تا اپریل ایف بی آر نے 9 ہزار 300 ارب روپے اکھٹے کیے، ایف بی آر کی جمع شدہ رقم میں کے پی کا حصہ 849 ارب روپے بنتا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ فنانس ڈویژن نے خیبر پختونخوا کو 803 ارب روپے جاری کیے، ناقابل تقسیم محاصل پول کے 4 ارب روپے کی کٹوتی کے بعد وفاق نے 42 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔

مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کے بقایاجات کی ادائیگی کی بار بار درخواستیں کیں، استدعا کے باوجود ڈیفرنشل شارٹ فال کی رقم موصول نہیں ہوئی۔

انہوں نے خط میں مزید لکھا ہے کہ رقم جاری کرنے میں تاخیر سے خیبرپختونخوا میں مالیاتی اثرات پڑ رہے ہیں، صوبے کو مالیاتی بحران سے نکالنے کیلئے مثبت جواب کی ضرورت ہے۔