فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں تقریب، خصوصی گارڈ آف آنر پیش

Published On 21 May,2025 01:42 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں یادگار شہدا جی ایچ کیو پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو یادگار شہداء پر تقریب کے دوران گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنا اعزاز پوری قوم، مسلح افواج، خصوصاً شہدا، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سویلینز کے نام کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ اعزاز پوری قوم اور افواج پاکستان کے بہادر مردوں اور خواتین کو خراج تحسین ہے، خاص طور پر ان شہداء کو جو بھارتی بلا اشتعال، بزدلانہ اور غیر قانونی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے۔

تقریب ملتوی

دوسری جانب ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں آج ہونے والی تقریب ملتوی کر دی گئی ہے، فیلڈ مارشل کی مصروفیات کے باعث تقریب ملتوی کی گئی، تقریب کا دن اور وقت بعد میں طے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے بھارت کیخلاف شاندار فتح کے بعد سربراہ پاک فوج جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کا اعلان کیا تھا۔