نوشہروفیروز: (دنیا نیوز) صوبہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں 30 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھر میں ریلیوں،جلسے،جلوسوں اور 5 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے اور اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گزشتہ روز کے واقعے کے بعد ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیےدفعہ 144 نافذ کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نوشہروفیروز میں کینال منصوبے کے خلاف مظاہرہ کرنے والے مشتعل مظاہرین نے صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کے گھر کو آگ لگا دی تھی، مظاہرین نے قومی شاہراہ کے قریب کھڑے دو ٹریلر کوبھی جلایا۔
مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا جبکہ مظاہرین نے پتھراؤ کیا جس کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے تھے۔