اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے بلوچستان میں سکول بس پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
پاکستان میں تعینات قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی جانب سے یو ایس اسمبلی اسلام آباد کے ایکس اکاؤنٹ پر بلوچستان میں دہشت گردوں کے ہونے والے حالیہ سفاک حملے کی مذمت کا پیغام پوسٹ کیا گیا۔
— U.S. Embassy Islamabad (@usembislamabad) May 21, 2025
نیٹلی بیکر نے لکھا کہ ہم خضدار میں سکول بس پر بے رحمانہ اور سفاکانہ حملے کی مذمت میں پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ شامل ہیں، امریکی سفیر نے مزید کہا کہ معصوم بچوں کا قتل ناقابل فہم ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ہم اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، کسی بھی بچے کو سکول جاتے ہوئے خوف کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔
نیٹلی بیکر نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں اُن لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو اس تشدد کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں۔