بھارت آبی جارحیت سے باز نہ آیا، کشن کنگا ڈیم سے دریائے نیلم کا پانی روک لیا

Published On 22 May,2025 05:57 am

آٹھ مقام: (دنیا نیوز) بھارت ہزیمت کے باوجود ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا، کشن گنگا ڈیم سے بھارت نے دریائے نیلم کا پانی روک لیا۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس نے بتایا کہ آٹھ مقام پردریائے نیلم میں معمول سے 40 فیصد پانی کا دباؤ کم ہے، حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران کشن گنگا ڈیم سے پانی چھوڑا گیا تھا۔

گزشتہ دنوں بھارت نے دریائے چناب کو بیاس اور راوی دریاؤں سے ملانے کے منصوبے پر کام تیز کر دیا تھا تاکہ پاکستان کو پانی سے محروم کرنے کا اپنا مذموم منصوبہ مکمل کر سکے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے 23 اپریل 2025ء کو پہلگام حملے کے بعد سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی دھمکی اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے اعلان کے بعد چین نے مہمند ڈیم کی تعمیراتی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی لاتے ہوئے اس اہم منصوبے کو تزویراتی اہمیت دے دی ہے۔

یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام کے سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد ہلاک اور ایک درجن کے قریب زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد بھارت نے بنا کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی شروع کردی اور سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کردیا۔