خیبرپختونخوا: رہائشی مقامات کی شمسی توانائی پر منتقلی سرکار کے سرخ فیتے کی نذر

Published On 22 May,2025 10:52 am

پشاور: (عامرجمیل) خیبرپختونخوا میں رہائشی مقامات کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ سرکار کے سرخ فیتے کی نذر ہو گیا۔

محکمہ توانائی کے مطابق مالی سال 24-2023 میں ایک لاکھ 30 ہزار گھرانوں کو سولرائز کرنے کی منظوری دی گئی تھی جبکہ مالی سال 25-2024 میں بجٹ کے دوران سولرائزیشن منصوبے کیلئے 10 ارب روپے سے زائد مختص کئے گئے تھے۔

پیڈو کے تیارکردہ پی سی ون کے تحت ایم پی ایز کے ذریعے 65 ہزار گھرانوں کی نشاندہی بھی کی گئی، پیڈو نے پی سی ون تیار کر کے 4 ماہ قبل محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کو حتمی منظوری کیلئے جمع کرایا تھا، محکمہ ترقی و منصوبہ بندی نے پی سی ون میں اعتراضات کو دور کرنے پر 4 مہینے سے زائد کا وقت دیا۔

محکمہ توانائی نے بتایا ہے کہ پی اینڈ ڈی سے منظوری کے بعد منصوبے کو فنڈز کے اجرا کیلئے پی ڈی ڈبلیو پی میں پیش کیا گیا، پی ڈی ڈبلیو پی نے سولرائزیشن منصوبے پر مزید اعتراضات لگا کر مزید 90 دن کیلئے خصوصی کمیٹی کے حوالے کر دیا۔