خیبرپختونخوا کی تحصیل آلائی کو ضلع کا درجہ دینے کا فیصلہ

Published On 23 May,2025 02:28 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے تحصیل آلائی کو ضلع کا درجہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہزارہ ڈویژن کے عوامی نمائندوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر مشاورت کی گئی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس میں اگلے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پسماندہ تحصیل آلائی کے عوام کیلئے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اسے ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔

ضلع بٹگرام کے عوامی نمائندوں نے وزیراعلیٰ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آلائی کو ضلع کا درجہ دینا عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، جو کہ اب پورا ہوگیا ہے، یہ فیصلہ علاقے کی پسماندگی دور کرنے اور عوامی مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران کے وژن کے مطابق پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے اور آئندہ بجٹ میں آلائی کو ضلع بنانے کیلئے درکار فنڈز مختص کئے جائیں گے۔