راولپنڈی :(دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی شہید سکوارڈن لیڈر عثمان یوسف کی رہائش گاہ آمد گورنر سندھ نے اہل خانہ کیساتھ اظہار تعزیت کیا۔
جڑواں شہروں میں شہید کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، ہمیں اپنے شہدا پر فخر ہے، بھارت کا مقابلہ صرف فوج نے نہیں،25 کروڑ عوام نے بھی کیا، پوری قوم شہیدوں کی مقروض ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید عثمان یوسف کے تمام خاندان کا تعلق فوج سے ہے، وطن کےدفاع کےلیےہم سب ایک ہیں، جنگ کے دوران بھارتی میڈیا جھوٹ بولتا رہا، پاکستانی میڈیا بھارتی میڈیا کے جھوٹ کو بے نقاب کرتا رہا۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کا تاحال کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، بھارتی میڈیا نے پہلگام واقعےسےمتعلق جھوٹ بولے،قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاک فضایئہ نے بھارت کا جدید ٹیکنالوجی کا غرور خاک میں ملادیا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاک بحریہ کی بھرپور تیاری دیکھ کر دشمن کو سمندری محاذ پر لڑنےکی جرأت نہیں ہوئی، دوست ملکوں نےپاک بھارت کشیدگی کم کرانےمیں اہم کردارادا کیا جبکہ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔