پشاور : (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردوں سے مراسم رکھنے والے سرکاری ملازمین کی فہرستیں تیار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق دہشت گردوں کے علاوہ منشیات فروشوں سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین کے گرد بھی گھیرا تنگ کر دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس اداروں سے مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ملازمین کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں، دہشت گرد تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین سے متعلق پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے ڈیٹا کی نادرا سے تصدیق کی جائے گی، مشکوک ملازمین کی جائیدادیں اور بینک کھاتے ایف بی آر سے کراس چیک کیے جائیں گے۔
محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق دہشت گردی کی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث سرکاری ملازمین کو صفائی کا پورا موقع دیا جائے گا۔