فیلڈ مارشل کی ایرانی چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقات، دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال

Published On 27 May,2025 04:49 pm

تہران: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف محمد باگیری سے ملاقات ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں لیڈروں نے علاقائی سلامتی کی صورتحال، خاص دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں فوجی سطح پر تعاون بڑھانے، سرحدی علاقوں میں سکیورٹی کے لیے طریقہ کار بہتر بنانے پر بھی غور کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں سرحدی علاقوں کو تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے زونز میں بدلنے پر بھی غور کیا گیا۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ معاشی زونز بننے سے علاقائی استحکام اور خوشحالی کو تقویت ملے گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز تہران آمد پر بڑی گرمجوشی سے استقبال کیا گیا، فیلڈ مارشل کو ایرانی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ایران کے سپریم لیڈر سید علی حسینی خامنہ ای سے بھی ملاقات کی، آرمی چیف نے ایرانی صدر پزشیکیان سے بھی ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اعظم شہباز شریف اور وفد کے ہمراہ ترکیہ، ایران اور آذربائیجان کا دورہ کر رہے ہیں۔