باغ میں پولیس وین کھائی میں جاگری، 5 اہلکار جاں بحق

Published On 28 May,2025 08:30 pm

باغ: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں پولیس وین کھائی میں گرنے سے 5 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

 

افسوسناک حادثہ اتولی پیر روڈ پر پیش آیا جہاں پولیس وین بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے، حادثہ میں جاں بحق پولیس افسران لسڈنہ گھومنے آئے تھے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ذاکر اعوان اے ڈی ریجن آفس پونچھ، چوہدری نوید انسکٹر ایس ایچ او کھائی گلہ ، یاسر کیانی انسپکٹر ٹیلی کمیونیکیشن پی ایس ٹو ڈی آئی جی پونچھ، علی بخاری سب انسپکٹر ریڈر ٹو ڈی آئی جی آفس پونچھ اور فہیم کانسٹیبل شامل ہیں۔ 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے باغ میں وین کھائی میں گرنے سے 5 پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ، انہوں نے جاں بحق پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندانوں کو صبر جمیل عطافرمائے ۔ آمین