شہباز شریف 2 روزہ دورہ پر تاجکستان پہنچ گئے، دوشنبے ایئر پورٹ پر پُرتپاک استقبال

Published On 29 May,2025 05:29 pm

دوشنبے: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ چکے ہیں۔

دوشنبے ایئرپورٹ پر تاجک وزیراعظم قاہر رسولزادہ (Kokhir Rasulzoda)، تاجک نائب وزیر خارجہ شریفزادہ فرخ حمدین، پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریفزادہ اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور نے وزیراعظم کا پُر تپاک استقبال کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

دو روزہ دورہ تاجکستان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف تاجک صدر امام علی رحمان (Emomali Rahmon) سے دو طرفہ ملاقات کریں گے جس میں وزیراعظم تاجک صدر سے پاکستان اور تاجکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے گفتگو کریں گے ۔

ملاقات میں وزیراعظم جنوبی ایشیائی خطے میں بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران تاجکستان کی جانب سے پاکستان کی بھر پور حمایت پر تاجک صدر کا شکریہ ادا کریں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اس دورے میں گلیشیرز کے تحفظ پر دوشنبے میں منعقدہ اعلیٰ سطحی عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

کانفرنس میں وزیراعظم شرکاء کو ماحولیاتی تبدیلی کے پاکستان پر اثرات اور ماحولیاتی تبدیلی سے تحفظ اور گلیشیرز کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔