راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔
سکیورٹی فورسز نے لورالائی ضلع میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضہ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا، ہلاک بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ہلاک دہشت گرد 25 اگست 2024 اور 18 فروری 2025 کو راراشام کے قریب این 70 پر دہشت گردی کی مذموم کارروائی میں بھی ملوث تھے، ان حملوں میں 30 بے گناہ شہری شہید ہوئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کیچ میں ایک اور کارروائی میں ایک دہشت گرد جہنم واصل ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، قوم کے تعاون سے دہشت گردوں اور منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔