9 مئی کیس: سزا یافتہ پی ٹی آئی ایم این اے کی فوری گرفتاری کا حکم

Published On 31 May,2025 11:26 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 9 مئی کیس سے متعلق اسلام آباد میں درج مقدمے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت نے سزا یافتہ پی ٹی آئی ایم این اے عبد الطیف کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے عبد الطیف سمیت 7 مجرمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے کہا ہے کہ 11 مجرمان کو سزا سنائی، 4 کمرہ عدالت سے گرفتار ہو گئے، 7 مجرمان کی عدم حاضری پر ان کی سزا کے وارنٹس ایس ایچ او تھانہ رمنا کے حوالے کئے جاتے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ ایس ایچ او تھانہ رمنا 7 مجرمان کو گرفتار کرکے جیل حکام کے حوالے کریں، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے فیصلے میں احکامات جاری کیے۔

9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت ایک بار پھر بغیر کارروائی ملتوی

علاوہ ازیں سانحہ 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت ایک بار پھر بغیر عدالتی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو سانحہ 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں پراسیکیوٹر ظہیر علی شاہ، وکلائے صفائی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید عدالت پہنچے جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل روبکار پر حاضری لگائی گئی۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر نے بتایا کہ جن ملزمان کو چالان کی نقول نہیں ملیں انہیں نقول دی جا رہی ہیں، بعد ازاں عدالت نے بغیر کسی کارروائی کے سانحہ 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت 14 جون تک ملتوی کردی۔