ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کیخلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ

Published On 31 May,2025 07:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کاؤنٹر ٹیررازم اور ہارڈن دی سٹیٹ کمیٹی کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں نادرا کو ایگزٹ پوائنٹس پر لائیو ڈیٹا ویری فکیشن کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ تمام اداروں کو  ون ڈاکیومنٹ سسٹم  مکمل طور پر نافذ کرنے پر زور دیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے بھکاری مافیا کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گداگری کو ناقابل ضمانت جرم قرار دینا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ملک کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے وزارت توانائی اور صوبائی حکومتوں سے بھرپور تعاون جاری ہے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ روزانہ 250 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جا رہے ہیں، جن کے نتیجے میں 142 ارب روپے کی ریکوری ممکن ہوئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں، پورٹ اتھارٹی کے قیام، گوادر سیف سٹی منصوبے اور پروٹیکشن وال کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔