دیامر : (دنیا نیوز) گلگت بلتستان میں 7 سال بعد پہلا پولیو کیس سامنے آیا ہے جس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے گاؤں سے تعلق رکھنے والے 2 سالہ بچے میں پولیو کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے گاؤں گبر سے تعلق رکھنے والے دو سالہ بچے مزمل کے پولیو سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
سیکرٹری صحت گلگت بلتستان آصف اللہ خان کے مطابق یہ 7 سال بعد گلگت بلتستان میں سامنے آنے والا پہلا پولیو کیس ہے، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد نے بھی پولیو وائرس کی لیبارٹری تصدیق کی ہے۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کا تعلق بھی اسی گاؤں گبر سے ہے، جس سے علاقے میں صحت عامہ سے متعلق تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔
محکمہ صحت نے فوری طور پر انسدادِ پولیو مہم مؤثر بنانے اور ہنگامی اقدامات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
حکام کے مطابق اس سال 2025ء میں اب تک پولیو وائرس کے 11 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔