فرانس: بچوں کے سامنے سگریٹ پینے پر پابندی، بھاری جرمانہ ہوگا

Published On 31 May,2025 08:55 am

پیرس : (ویب ڈیسک) فرانس میں عوامی مقامات پر بچوں کے سامنے سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کر دی گئی، خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ ہوگا۔

فرانسیسی وزیرِ صحت نے کہا کہ جس مقام پر بچے موجود ہوں وہاں تمباکو نوشی پر پابندی ہونی چاہئے، سگریٹ پینے کی آزادی وہاں ختم ہو جاتی ہے جہاں بچوں کے صاف ہوا میں سانس لینے کا حق شروع ہوتا ہے۔

اس پابندی کے فیصلے سے قبل کرائے گئے عوامی سروے میں 62 فیصد شہریوں نے کھلی جگہوں پر سگریٹ نوشی پر مکمل پابندی کی حمایت کی۔

حکومت کے بقول عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی کا فیصلہ بچوں کی صحت اور ذہنی نشوونما پر پڑنے والے برے اثرات سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔

فیصلے کے اطلاق کے بعد ساحلِ سمندر، باغات، پارکس، سکولوں کے باہر، بس اسٹاپس اور کھیلوں کے میدان میں سگریٹ پر پابندی ہوگی۔

ملک بھر میں اس پابندی کا اطلاق رواں برس یکم جولائی سے ہوگا۔ پابندی کی خلاف ورزی پر 135 یورو جرمانہ ہوگا۔

یاد رہے کہ فرانس میں ہر سال 75 ہزار کے قریب افراد سگریٹ کی عادت سے جڑی بیماریوں کا شکار ہو ہلاک ہوجاتے ہیں۔