کوہاٹ : درہ آدم خیل میں ایک گھر دھماکے سے تباہ، 2 افراد جاں بحق

Published On 01 June,2025 12:54 pm

کوہاٹ : (دنیا نیوز) کوہاٹ کے علاقے درہ آدم خیل میں ایک گھر میں دھماکا ہوا ہے جس سے 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے گھر کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے جبکہ ریسکیو حکام کو دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا سلنڈر پھٹنے سے ہوا ہے یا دستی بم گھر کے اندر پھینکا گیا، اس بارے میں بم ڈسپوزل سکواڈ شواہد اور معلومات جمع کر کے حتمی طور پر کچھ بتائے گا، فی الحال دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ متاثرہ گھر خالی تھا، ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے بم ڈسپوزل سکواڈ بھی تحقیقات کر رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ  قریبی ہسپتال میں زخمی ہونے والوں کا علاج کیا جارہا ہے جبکہ مرنے والوں کی لاشیں قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے سپرد کی جائیں گی۔