پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے تعلیمی ایمرجنسی کے تحت تمام سرکاری سکولوں میں سو فیصد بچوں کو فرنیچر فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ، چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹریز کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
علی امین گنڈاپور نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ سرکاری سکولوں میں کوئی بھی بچہ فرش پر نہیں بیٹھے گا، اگلے مالی سال کے دوران تمام سرکاری سکولوں کے ہر بچے کو فرنیچر کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی کے لئے جتنے بھی فنڈز درکار ہونگے وہ ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے، تعلیم کے لئے سازگار ماحول بنیادی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولوں میں بچوں کو فرنیچر، واش رومز اور پینے کے پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، ان بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تدریس کے معیار کو بھی بہتر بنانے کے لئے خصوصی پروگرام شروع کیا جائے، اس مقصد کے لئے اساتذہ کی جدید ٹریننگ کا انتظام کیا جائے، نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کے لئے جدید ٹریننگ لازمی قرار دی جائے۔