کراچی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کراچی نے شہر میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف آج شہر بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کے مطابق شہر کی 10 سے زائد اہم شاہراہوں پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے، جہاں عوام کے ساتھ مل کر کے الیکٹرک کی برقی دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں روزانہ 12 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، جس سے نہ صرف گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ کاروبار، تعلیم اور صحت کا نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے، کراچی کے عوام سب سے مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں، 2005 سے اب تک کے الیکٹرک کی پیداوار کم اور صارفین دگنے ہوگئے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کا لائسنس فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور کراچی کو نیشنل گرڈ سے براہِ راست بجلی فراہم کی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاج میں بھرپور شرکت کریں تاکہ حکومت اور متعلقہ اداروں پر دباؤ بڑھایا جا سکے اور اس بحران کا مستقل حل نکالا جا سکے۔