190 ملین پاؤنڈ کیس: نیب نے خصوصی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل دیدی

Published On 02 June,2025 12:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت سے قبل نیب کی جانب سے اہم اقدام سامنے آیا ہے۔

190 ملین پاؤنڈز کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر نیب نے خصوصی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل دے دی ہے، ٹیم اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں اور سزا معطلی کی درخواستوں کی سماعت کے دوران عدالت کی معاونت کرے گی۔

چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد پراسیکیوٹر جنرل نیب سید احتشام قادر شاہ کی ہدایت پر 5 خصوصی پراسیکیوٹرز پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی ہے، ٹیم کی قیادت سردار مظفر احمد خان کریں گے، جبکہ دیگر ارکان میں عرفان احمد، سہیل عارف، رافع مقصود اور یاسر سلیم رانا شامل ہیں۔

نیب کے مطابق ٹیم 5 جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہونے والی سماعت کے دوران عدالت کے سامنے نیب کے مؤقف کی پیروی کرے گی۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے اپنی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں اور ان کے وکلا نے سزا معطلی کی درخواستیں بھی دی ہوئی ہیں، جن پر سماعت 5 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی۔