نیویارک: (ویب ڈیسک) شیری رحمان نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پاکستان کا بیانیہ ٹھوس شواہد کے ساتھ ہر جگہ پیش کیا ہے۔
پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستان کا بیانیہ اس وقت ہر جگہ اور ہر ملاقات میں قبول ہو رہا ہے، پاکستان کے بیانیے کیلئے نئی جگہ بنتی جا رہی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ جنگ کے دوران جو سٹرٹیجک میچورٹی کے دروازے کھلے وہ اب اور بھی کھل رہے ہیں، بلاول بھٹو نے سندھ طاس معاہدہ اور کشمیر سمیت متعدد اہم موضوعات پر بات کی ہے، انہوں نے واضح کیا ہے کہ اگر ہم دیرپا امن کے خواہاں ہیں تو کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پانی کے معاملے پر چیئرمین پی پی نے بات آگے بڑھائی ہے، جتنے بھی عالمی قوانین ہیں ان کو بھی مودی حکومت نے یکطرفہ طور معطل کیا ہے، انہوں نے کہا کہ جنگ ہندوستان کیلئے ایک مستقل محاذ بن گیا ہے، اگر ہندوستان امن چاہتا ہے تو اپنا رویہ تبدیل کرے اور بات کرے۔