اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد سے دوحہ جانے والی پرواز میں سفر کرنے والے برطانوی شہری کی طبیعت خراب ہونے پر طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی میں لینڈ کرا دیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 633 اسلام آباد سے دوحہ جا رہی تھی کہ پاکستان کی فضائی حدود میں ہی طیارے میں سوار ایک برطانوی شہری کی طبیعت خراب ہو گئی جس پر ایئر ٹریفک کنٹرولر کی اجازت سے پائلٹ نے کراچی میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی۔
ایوی ایشن ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی میڈیکل ٹیم نے فوری طور پر مسافر کا معائنہ کیا اور ہنگامی طبی امداد فراہم کی تاہم مسافر کی طبیعت مسلسل خراب ہونے پر اسے آف لوڈ کر کے نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا بعد ازاں پرواز دیگر مسافروں کو لے کر منزل کے لیے روانہ ہو گئی۔