کراچی: (ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے فرارہونے والے 25 سالہ قیدی نے زندگی ختم کر لی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ماڑی پورتھانے کے علاقے مدنی کالونی میں گھر سے ایک شخص کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اورلاش کو تحویل میں لینے کے بعد قانونی کارروائی کے لئے سول ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس حکام کے مطابق متوفی شخص کی شناخت 25 سالہ رضا ولد پرویز مسیح کے نام سے ہوئی ہے، متوفی شخص رنچھوڑکا رہائشی تھا اور ماڑی پور مدنی کالونی میں اپنی بہن کے گھرآیا تھا۔
بہن اور بہنوئی کے گھر پر نہ ہونے پر متوفی نے گلے میں پھندا لگا کر خود کشی کرلی، انہوں نے مزید بتایاکہ خودکشی کرنے والا رضا ڈسٹرکٹ جیل ملیر کا قیدی تھا اورعیدگاہ تھانے میں درج منشیات کے مقدمے میں گرفتار ہوکر ملیر جیل گیا تھا۔
خودکشی کرنے والے قیدی کا ویڈیو بیان سامنے آگیا جوکہ قیدی نے خود کشی کرنے سے قبل ریکارڈ کیا تھا، ویڈیو بیان میں قیدی رضا نے اپنے بڑوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اسے رہائی دی جائے کیونکہ وہ بے قصور ہے۔
قیدی کا کہنا تھا کہ وہ بھی دیگر قیدیوں کے ساتھ ڈسٹرکٹ ملیر جیل سے بھاگا تھا سب لوگ ایک دوسرے کے اوپر چڑھ کر بھاگ رہے تھے، جیل میں فائرنگ بھی ہورہی تھی، زلزے کے جھٹکوں کے باعث جس جگہ لوگ اپنی جان بچاکر بھاگے میں بھی اسی جانب دوڑا، ہم جیل سے بھاگے تو سامنے مین روڈ تھا فرار کے دوران میں بھی زخمی ہوگیا تھا۔
جیل سے نکلنے کے بعد میں کافی دیرتک پیدل چلتا رہا ایک شہری نے میری مدد کی مجھے سول ہسپتال چھوڑا اور صبح ہونے تک میں وہیں رکا، صبح گھرپہنچا تو گھر والوں نے کہا چلو ہمارے ساتھ اب مجھے آپ کے سامنے لے آئے ہیں۔