لاہور: (دنیا نیوز) عید کے ایام میں پنجاب بھر میں گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کر دی گئی۔
7 جون تک پنجاب، اسلام آباد میں شدید گرمی کی لہر متوقع ہے، درجہ حرارت 7 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق عید کے دوران بعض علاقوں میں شدید گرمی کے باعث گرد و غبار اور تیز ہواؤں کا بھی خدشہ ہے، گرمی اور خشک موسمی حالات سے ہیٹ سٹروک اور آبی ذخائر پر پانی کے دباؤ کا بھی امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ گرمی کی شدت سے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ممکن ہے، عوام کو غیر ضروری طور پر سورج کی روشنی سے بچنے اور پانی کا استعمال بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔