پنجاب میں ہوائی اور فضائی اڈوں کے گرد 15 کلومیٹر حدود تک دفعہ 144 نافذ

Published On 03 June,2025 12:22 pm

لاہور : (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے 15 دن کے لیے ہوائی اڈوں اور فضائی اڈوں کے گرد 15 کلومیٹر کی حدود تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے دفعہ 144 کے تحت کبوتربازی، آتش بازی، ڈرون/ لیزر لائٹ کے استعمال اور آلائشیں پھینکنے پر پابندی ہو گی۔

صوبہ بھر میں پابندیوں کا اطلاق 5 جون سے 20 جون تک ہوگا، اس کا اطلاق پنجاب بھر میں پاک فضائیہ کے ایئربیسز اور تمام ہوائی اڈوں کے گردونواح میں 15 کلومیٹر تک ہوگا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ فیصلہ انسانی جانوں اور املاک کو محفوظ بنانے کیلئے کیا گیا ہے، کبوتر بازی، آتش بازی، ڈرون اور لیزر لائٹ کا استعمال ، آلائشیں پھینکنے کی سرگرمیاں فلائٹ آپریشنز میں رکاوٹ اور فلائٹ سیفٹی کیلئے شدید خطرہ ہیں، پابندیاں ضابطہ فوجداری  1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت لگائی گئی ہیں۔

محکمہ داخلہ کے مطابق پرندے کھلی آلائشوں کی جانب راغب ہوتے ہیں جو طیاروں اور مسافروں کیلئے سنگین خطرات کا باعث بنتے ہیں، تمام ڈپٹی کمشنرزکو ائیرپورٹس اور گردونواح میں صفائی کا خاص انتظام یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔