سمبڑیال ضمنی الیکشن میں مریم نواز کی خدمت کی سیاست کو ووٹ ملا: عظمیٰ بخاری

Published On 02 June,2025 03:45 pm

لاہور : (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عوام نے سمبڑیال کے ضمنی الیکشن میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی خدمت کی سیاست کو ووٹ دیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سمبڑیال، پنجاب اور پورے پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، کل گالی گلوچ، فتنہ فساد کا بیانیہ مسترد ہو گیا، عوام نے تخریب کاروں کے بیانیے کو مسترد کیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میری پریس کانفرنس سے پہلے ایک رونے دھونے کا پروگرام ہوا ہے، سلمان اکرم راجہ ایک معزز وکیل، ایک پارٹی کے سیکرٹری جنرل ہیں، پہلے بھی یہ باہر نکلنے کی کال پر گاڑی میں بیٹھ کر ویڈیو بناتے رہے، مریدکے الیکشن میں بھی ن لیگ نے واضح برتری حاصل کی تھی، پچھلی بار سمبڑیال کی یہ سیٹ 10 ہزار کی برتری سے جیتی گئی تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پی پی 52 سمبڑیال ضمنی الیکشن: حنا ارشد وڑائچ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہاکہ 90 فیصد تو بانی کو تب ووٹ نہیں پڑے جب وہ الیکٹ ہوئے تھے، ان کو سوشل میڈیا پر جیتنے اور بڑھکیں مارنے کی عادت ہے، ان کی کال پر پنجاب سے ایک چڑیا باہر نہیں نکلتی لیکن خیبرپختونخوا سے سرکاری ملازم باہر نکل آتے ہیں، ان کو آج مکافات عمل بھگتنا پڑ رہا ہے، ن لیگ نے اس بار یہ سیٹ 38 ہزار کی برتری سے حاصل کی ہے۔

عید قربان پر سکیورٹی پلان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کی 27 ہزار 74 مساجد اور 800 کھلے مقامات پر عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی جائے گی، 43 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، 10 ہزار 464 کیمروں کے ذریعے سرویلنس کی جائے گی، پنجاب میں 230 مویشی منڈیاں قائم ہیں، مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 4 ہزار سے زائد افسران تعینات ہیں۔