پنجاب: عیدالاضحیٰ پر عارضی نصب ہونیوالے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد

Published On 01 June,2025 01:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے دوران عارضی نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد کر دی۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کر دی اور تفریحی پارکس میں مستقل بنیادوں پر نصب مکینیکل جھولوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں قائم تفریحی پارکس میں مستقل بنیادوں پر نصب مکینیکل جھولوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کئے جائیں، مستقل نصب مکینیکل جھولوں کے مالکان یا آپریٹرز متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں، ضلعی انتظامیہ تصدیق کرے کہ ہر مکینیکل جھولا حفاظت کے ضروری معیارات پر پورا اترتا ہے۔

مزید ہدایت کی گئی ہے کہ مستقل نصب جھولے جن کے تمام سکیورٹی پروٹوکولز پر عمل کیا جا رہا ہے ان پر پابندی نہیں لگائی گئی، پابندی کا فیصلہ انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ عید الاضحیٰ کی تعطیلات میں شہریوں خصوصاً بچوں کی بڑی تعداد مکینیکل جھولوں کا استعمال کرتی ہے عارضی نصب جھولے سکیورٹی پروٹوکولز کے مطابق نہیں ہوتے اور اوور لوڈنگ سے قیمتی انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔

عید تعطیلات کے دوران عارضی طور پر نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر مکمل پابندی ہوگی، پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے۔