عید الاضحیٰ: پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، متعدد پابندیاں عائد

Published On 31 May,2025 10:51 am

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے عید الاضحیٰ کے حوالے سے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

دفعہ 144 کے تحت پابندیوں کا اطلاق جمعرات 5 جون سے بدھ 11 جون تک ہو گا، سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت پابندی لگائی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عید کے موقع پر عوامی مقامات پر قربانی کے جانوروں کے سری پائے جلانے پر پابندی نافذ کی گئی ہے، دریاؤں، جھیلوں، نہروں اور ڈیمز میں تیراکی، نہانے اور کشتی رانی پر بھی پابندی عائد ہو گی۔

جانوروں کے فضلے اور اوجھڑی کو مین ہول، نالیوں یا نہر میں پھینکنے، منظور شدہ مویشی منڈیوں کے علاوہ کسی بھی جگہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، اسلحہ اور گولہ بارود کی نمائش پر بھی دفعہ 144 نافذ رہے گی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پابندیوں کا فیصلہ انسانی جانوں کے تحفظ، امن و سکون اور ماحول کی بہتری کیلئے کیا گیا، مذکورہ سرگرمیاں نہ صرف عوامی تحفظ اور صحت عامہ کیلئے خطرہ ہیں بلکہ لوگوں میں اضطراب کا باعث بنتی ہیں، عید پر کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے ہی قربانی کی کھالیں وصول کر سکیں گے۔

انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔