عیدالاضحیٰ: پنجاب میں قیدیوں کے لیے 90 دن کی سزا معافی کا اعلان

Published On 05 June,2025 02:44 pm

لاہور : (دنیا نیوز) عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی سزا میں 90 دن کی خصوصی معافی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب بھر کی جیلوں میں قید 450 افراد اس خصوصی رعایت سے مستفید ہوں گے جبکہ 270 قیدیوں کی رہائی ممکن ہو پائے گی جو عید اپنے اہل خانہ کے ساتھ منائیں گے۔

حکم نامے کے مطابق سزا میں کمی پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 216 کے تحت کی گئی ہے تاہم یہ رعایت مخصوص نوعیت کے مقدمات میں سزا یافتہ قیدیوں کو نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ دہشت گردی، فرقہ واریت، بغاوت یا ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدی اس رعایت سے مستفید نہیں ہوں گے۔

اسی طرح جاسوسی، قتل، زنا، منشیات فروشی، ڈکیتی، اغوا کے مجرمان، مالی غبن، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں سزایافتہ قیدی بھی مستفید نہیں ہوں گے ۔

حکام کے مطابق یہ اقدام قیدیوں کی فلاح و بہبود اور عید کے موقع پر ان کی اہل خانہ سے ملاقات کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔