مکہ مکرمہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر دورہ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کر لی۔
وزیراعظم شہبازشریف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے ساتھ سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں، پاکستانی وفد نےعمرہ کی سعادت حاصل کی اور ملکی ترقی و خوشحالی، امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے مظلوموں کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا، پاکستانی قیادت نے خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور بنیان مرصوص کی عظیم فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکرانہ ادا کیا، امت مسلمہ بالخصوص ظلم و جبر کے شکار کشمیری و فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
قبل ازیں جدہ پہنچنے پر گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ جلاوی، سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور سفارتی اہلکاروں نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان خصوصی ملاقات ہوگی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری، امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور علاقائی امن و سلامتی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف حالیہ پاک بھارت تنازع کو کم کرنے میں تعمیری کردار پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔