حیدرآباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی کوئی تحریک کامیاب ہوتی نظر نہیں آ رہی، وفاق سے ڈائیلاگ کرے۔
حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اپنا رویہ تبدیل اور گالم گلوچ کے کلچر کو ختم کرنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی اپنی ہی ریاست کے خلاف بیانیے کو تبدیل کریں، پوری دنیا میں جھگڑے اور بندوق کے زور پر کوئی چیز پاس نہیں کرا سکتا، انتشار کے بل پر کوئی چیز نہیں منوائی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو دنیا میں بھارت کوایکسپوز کر رہےہیں، ان کی بات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، جنگ کے بعد اب نیا پاکستان ہے، دنیا بھر میں گرین پاسپورٹ کی قدر میں اضافہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کوشکست دی، ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، افواج پاکستان نے بھارت کےغرور کو چکنا چور کر دیا، بھارت کا ایشین ٹائیگر بننے کا خواب خواب ہی رہ گیا۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ملک کا دفاع پہلے ہے باقی سب بعد میں ہے، دفاعی بجٹ کو اگر بڑھانے کی ضرورت ہے تو ضرور بڑھائیں، انشاء اللہ اسی سال حیدرآباد کو ای وی بسیں مل جائیں گی۔