بھارت خود کو دائمی جنگ میں مبتلا رکھنا چاہتا ہے تو یہ اسکی اپنی پالیسی ہے: شیری رحمان

Published On 06 June,2025 01:31 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ اگر بھارت خود کو دائمی جنگ میں مبتلا رکھنا چاہتا ہے تو یہ اس کی اپنی پالیسی ہے، پاکستان دائمی امن کا خواہاں ہے۔

پاکستان سفارتی وفد کی اہم رکن سینیٹر شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 87 گھنٹے کی جنگ کے بعد ایک واضح مؤقف کے ساتھ سامنے آیا ہے، ہم خود کو کسی کہانی یا بیانیے سے نہیں جوڑنا چاہتے، بلکہ دنیا کے سامنے اپنی حقیقت پیش کر رہے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ایک فعال اور طاقتور سفارتی وفد نیویارک میں ملٹی لیٹرل اور بائی لیٹرل روابط کے ذریعے سرگرم ہے، یہ سفارتی مشن مختلف ممالک کا دورہ کر رہا ہے، ہم سب ایک ٹیم کے طور پر مسلسل سرگرم ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ رہنما کانگریس میں موجود ہیں تو دیگر وفود دنیا سے بات چیت میں مصروف ہیں، یہ سرگرمیاں روزانہ کی بنیاد پر ہو رہی ہیں، ہم حقیقت دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں، اب ہمارا ملک دہشتگردی یا جنگ سے نہیں پہچانا جائے گا۔

شیری رحمان نے کہا کہ ہم پائیدار مذاکرات اور پانی کے معاہدے کی بحالی کے خواہاں ہیں، سندھ طاس معاہدہ قانون کے تحت کسی یکطرفہ منسوخی کی اجازت نہیں دیتا، ہم پانی پر حملے یا اس کو ہتھیار کے طور پر استعمال کو جنگی عمل سمجھتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان امن اور لبرلائزیشن کے فروغ میں سنجیدہ ہے۔