وزیراعظم کے ملائیشیا، قطر، تاجکستان کی قیادت سے رابطے، تعلقات کے فروغ پر اتفاق

Published On 07 June,2025 02:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا، قطر اور تاجکستان کی قیادت سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں جن میں باہمی تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب داتوسری انورابراہیم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی، پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا اور پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی پر ملائیشیا کے متوازن اور اصولی مؤقف کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے مسلم امہ کے اتحاد، خوشحالی اور مظلوم فلسطینیوں کیلئے امن و سلامتی کی دعا کی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے تاہم بھارت کی بلااشتعال جارحیت اور پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کے جواب میں بروقت اور فیصلہ کن اقدام ناگزیر تھا، پاکستان نے امریکہ اور دیگر دوست ممالک کی ثالثی سے ہونے والے جنگ بندی معاہدے کو خطے کے وسیع تر مفاد میں قبول کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر بامعنی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

وزیراعظم نے رواں سال کے آخر میں ملائیشیا کے سرکاری دورے کی خواہش کا اظہار کیا، اس دورے کے لیے موزوں تاریخوں کا تعین سفارتی سطح پر کیا جائے گا۔

تاجک صدر امام علی رحمان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر اظہارِ اطمینان

دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے رابطہ کیا، تاجک صدر اور تاجک عوام کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور حالیہ دورہ دوشبنے کے دوران مہمان نوازی پر اظہار تشکر کے ساتھ برفانی پہاڑوں کے تحفظ سے متعلق عالمی کانفرنس کے انعقاد کو سراہا۔

انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران امن اور مذاکرات کیلئے تاجکستان کے متوازن مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دینے کی کوشش کی، پاکستان نے امریکا و دیگر دوست ممالک کی ثالثی سے جنگ بندی پر رضا مندی ظاہر کی۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کے مثبت رجحان و مسلسل بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیراعظم نے صدر تاجکستان کو جلد از جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دہرائی، صدر امام علی رحمان نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے عوام کیلئے عیدالاضحیٰ پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم اور امیر قطر کا دوطرفہ تعلقات بڑھانے کی خواہش کا اعادہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحی کے موقع پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید الاضحیٰ کے موقع پر قطر کے امیر اور قطر کی عوام کو پرتپاک مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی کو کم کرنے میں قطر کی متحرک سفارت کاری اور تعمیری کردار پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا اور قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے کردار کو بھی سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی طور پر فائدہ مند تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا، امیر قطر نے وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے اور جلد از جلد ایک دوسرے سے ملنے پر اتفاق کیا۔