اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر ان کو اور ترکی کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے پاک بھارت بحران کے دوران ترکیہ کی جانب سے مضبوط اور غیر متزلزل حمایت پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا، اس اقدام نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے اور پاک ترک بھائی چارے کی تاریخ میں ایک اور شاندار باب کا اضافہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پچھلی ملاقاتوں میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد پر بھی اتفاق کیا، اس سے دوطرفہ تعاون بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تیزی لانے میں مدد ملے گی، دونوں رہنماؤں نے بنیادی مفادات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا دونوں رہنماؤں نے غزہ کی صورتحال سمیت تازہ ترین علاقائی اور عالمی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
صدر اردوان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر نیک خواہشات کیلئے شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے بھی خیر خواہی کے جذبات کا اظہار کیا ،صدر اردوان نے تمام اہم معاملات میں پاکستان کے لئے ترکیہ کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔